بنگلورو،28؍اکتوبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) وزیر داخلہ رام لنگا ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت محکمۂ پولیس میں کام کرنے والے افراد کو بہترین رہائشی سہولیات مہیا کرانے کی پابند ہے، اسی مقصد کے تحت ریاست بھر میں گیارہ ہزار کوارٹرس تعمیر کئے گئے ہیں۔آج الال میں سی اے آر کیلئے تعمیرہونے والے کوارٹرس کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے مسٹر ریڈی نے کہاکہ گیارہ ہزار کوارٹرس بھی اگر پولیس والوں کو مہیا کرادئے جائیں تو اس سے صرف 50 فیصد لوگوں کو رہائش کی سہولت مہیا کرائی جاسکے گی۔ پچھلی حکومتوں کی طرف سے پولیس والوں کوکوارٹرس کی فراہمی میں برتی گئی غفلت کا نتیجہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں پولیس جوان سرکاری گھروں سے محروم ہیں۔ ترجیحی بنیاد پر حکومت نے پچھلے ساڑھے چار سال کے دوران گیارہ ہزار کوارٹرس تعمیر کروانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے اہم اضلاع میں پولیس والوں کیلئے رہائشی کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کا مقصد ہے کہ ہر ایک کو گھر کی سہولت ملے ۔محکمۂ پولیس میں فورس کی کمی کو دور کرنے کیلئے حکومت کی سنجیدگی کا اعادہ کرتے ہوئے رام لنگا ریڈی نے کہاکہ 24؍ ہزار جوانوں کی بھرتی کی گئی ہے اور بھرتی کے عمل کو مسلسل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس کمی کو پورا کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ یشونت پور اسمبلی حلقہ میں متعدد ترقیاتی کام جاری ہیں۔ مقامی رکن اسمبلی ایس ٹی سوم شیکھر پچھلے چار سال کے دوران دس سال میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو پورا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔تقریب میں ایس ٹی سوم شیکھر، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس روپ کمار دتہ ، پولیس کمشنر سنیل کمار، اڈیشنل کمشنر آف پولیس مالنی کرشنا مورتی، سیمنت کمار سنگھ، جوائنٹ کمشنر راجپا وغیرہ موجود تھے۔